مختلف علاقوں میں باپ،چچا ، بھابی سمیت 4؍ افراد قتل

20 جولائی ، 2025

ڈیرہ غازیخان، کوٹ ادو، سنانواں،ٹھینگی (نمائندہ جنگ، نامہ نگار) تونسہ شریف کے قبائلی ولاقے پھگلہ میں بیٹے نے باپ کی ڈانٹ پر فائر نگ کر کے باپ کو قتل کر دیا، سنانواں میں نوجوان کے قتل پر لواحقین کا لاش کیساتھ احتجاج،ملزماں کی گرفتاری کا مطالبہ، پولیس تھانہ محمود کوٹ نے مقدمہ درج کر لیا، کوٹ ادو میں گھریلو رنجش پر بھتیجے نے فائرنگ کر کے چچا کو قتل کر دیا، ٹھینگی میں دیور نے بھابھی کو ٹوکے کے وار کر کے قتل کر دیا، مقدمہ درج، تفصیل کے مطابق تونسہ شریف تمن قیصرانی پھگلہ میں بیٹے اعظم نے ضعیف باپ سلیمان کو معمولی بحث پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا، کمانڈنٹ بی ایم پی محمد اسد خان چانڈیہ نے بتایا کہ اعظم کو اس کے والد سلیمان نے ہمسایوں کے بکریاں چَرانے کے حوالے سے سمجھاتے ہوئے کہا کہ ہمسایوں کو بکریاں چَرانے دیں، اعظم نے اپنے والد کی اراضی پر ہمسایوں کی بکریاں چرانے سے والد کا حکم ماننے سے انکار کیا، جس سے اس کی والد سے توں تکرار ہوئی، سنانواں گورمانی شرقی کے رہائشی محمد عبد الجبار چانڈیہ نے بیان کیا کہ ملزمان زین جگلانی، توقیر عباس، غلام قاسم اور اکرم جگلانی نے اپنے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ایاز پٹھان کے بھٹہ خشت کے قریب ان کے بیٹے محمد آصف چانڈیہ کو فائر کر کے زخمی کیا اور اس کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی اور گرم سلاخوں سے بیٹے پر تشدد کر کے فرار ہو گئے، آصف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا، مقتول کے ورثا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے قصبہ گورمانی روڈ پر لاش کے ہمراہ احتجاج کیا اور بعد ازاں سنانواں شہر میں دڑہ والے چوک کے مقام پر دھرنا دے دیا، شرکا نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس کیخلاف نعرے بازی کی، ڈی ایس پی سنانواں نے مظاہرین کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے دھرنا ختم کر کے مقتول کی نمازہ جنازہ ادا کر دی، پولیس تھانہ محمود کوٹ نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارنا شروع کر دیے، کوٹ ادو شیخ عمربستی شاہ والا کے رہائشی اظہر علی نے گھریلو رنجش پر اپنے 44 سالہ چچا غلام اکبر کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا،واقعہ کے فوری بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی،پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جبکہ ملزم اظہر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، چک 95 ڈبلیو بی کا سعید احمد مغل ترکھان کا کام کرتا ہے، گزشتہ روز اس کی بیوی پاکیزہ اور بیٹی نور فاطمہ گھر پر موجود تھیں، ملزم طاہر وسیم عرف علی اپنی بہن عالیہ کے ہمراہ آیا اور ٹوکے کے وار کر کے اپنی بھابھی کو قتل کر دیا، پولیس تھانہ ٹھینگی نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔