پاکستان سے تنازع، بھارت کی معاشی ترقی کیلئے خطرہ

20 جولائی ، 2025

کراچی (رفیق مانگٹ ) امریکی جریدے فوربز کے مطابق پاکستان کے ساتھ حالیہ تنازع بھارت کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت کے لیے ایک بڑا خطرہ بن گیا ہے۔ مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان 87 گھنٹے جاری رہنے والی مختصر جنگ نے خطے میں ایٹمی کشیدگی کے خطرے کو اجاگر کیا اور بھارت کی جیو اکنامک ترقی کو شدید دھچکا پہنچایا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی چین کے مقابلے میں صنعتی میدان میں مضبوطی امریکا کی اہم خارجہ پالیسی ترجیح ہے۔ لیکن بھارت کے اندرونی مسائل جیسے کہ کمزور بنیادی ڈھانچہ، پیچیدہ قوانین، غیر تربیت یافتہ مزدور قوت اور پاکستان کے ساتھ مستقل کشیدگی، بھارت کو چین کا مؤثر متبادل بننے سے روک رہے ہیں۔بھارت اور چین کے درمیان جاری اسٹریٹجک کشمکش میں پاکستان ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بیجنگ، اسلام آباد کا مضبوط دفاعی اتحادی ہے اور اسے بھاری فوجی ساز و سامان فراہم کر رہا ہے۔