حلف برداری وسینیٹ انتخابات ، سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی،کنڈی

20 جولائی ، 2025

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار)خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری اورسینیٹ کے انتخابات بارے کوئی "سازش یا شرارت" کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی،اسمبلی کے اجلاس کو ناممکن بنا کر یا کسی دوسری طرح حلف برداری روکی گئی تو عدالت عالیہ سے آئین کی دفعہ 255 کے تحت حلف کے لئے رجوع کیا جاسکتا ہے،خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری اور صوبے سے سینیٹ کے ار کان کا چنائو کئے جانے کے حوالے سے کوئی سازش یا شرارت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی مفاہمت کے ماحول کو حکومتی کارپردازان سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اس مقصد کے لئے اسمبلی کے اجلاس میں رخنہ اندازی کے لئے بھی سازش کی بو محسوس کی گئی ہے جو کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ایک گفتگومیں انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کا حلف بھی ہوگا اور سینیٹ کے ارکان کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا اس میں تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔