وزیراعظم شہباز شریف ،صدرآصف زرداری، سپیکر سردار ایاز صادق کی محمد آصف کو ورلڈ ماسڑز سنوکرچیمپئن شپ اور حسنین اختر کو ورلڈ انڈر 17 سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد

20 جولائی ، 2025

اسلام آباد( نیوز رپورٹر،نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف،صدرِ مملکت آصف علی زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمد آصف کو ورلڈ ماسڑرز سنوکرچیمپئن شپ جیتنے اور حسنین اختر کو ورلڈ انڈر 17 سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی سنوکر کھلاڑی پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سنوکر کی دنیا میں محمد آصف کئی سالوں سے تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ اب انڈر 17 سنوکر چیمپیئن شپ جیت کر حسنین اختر نے بھی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں درج کروا لیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے ان بیٹوں پر فخر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ محمد آصف نے شاندار کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا،عالمی مقابلے میں کامیابی پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیت، عزم اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ جیت کر ایک مرتبہ پھر اپنی مہارت کا لوہا منوایا، جبکہ حسنین اختر نے انڈر-17 ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت کر نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔