پشاور(گلزار محمد خان) خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کے بغیر صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر نو منتخب خواتین و اقلیتی اراکین سے حلف لے لیا ہے، حکومت کی جانب سے حلف برداری روکنے کیلئے کورم کی نشاندہی کیخلاف اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا جبکہ نو منتخب خواتین اور اقلیتی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے شدید نعرہ بازی کی، اپوزیشن لیڈر نےپشاور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرکے حلف برداری کیلئے کسی مناسب شخصیت کو نامزد کرنے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا ، بعدازاں گورنر نے مخصوص نشستوں پر منتخب 25ارکان سے حلف لیا جن میں جمعیت علمائے اسلام کے9، مسلم لیگ (ن) کے 8، پیپلز پارٹی کے5، عوامی نیشنل پارٹی کے 2اور تحریک انصاف پارلیمنٹرین کا ایک رکن شامل ہے، صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے قبل تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میںحکومتی ارکان کو ایوان جانے سے روکدیا گیا، دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف برداری آئین کی خلاف ورزی ہے، ہائیکورٹ میں چیلنج کرینگے۔ جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جان بوجھ کر کورم پورا نہیں کیا گیا، سازش کے تحت ارکان کو حلف لینے سے روکا گیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو 6سے 7سینیٹ نشستیں مل سکتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستیں اپوزیشن جماعتوں میں تقسیم کرنے کے حکم اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی سفارش پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اتوار کے روز صبح 9بجے طلب کیا تھا، اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس مقررہ وقت سے اڑھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو تلاوت کلام پاک کے بعد تحریک انصاف کے رکن شیر علی آفریدی نے کور م کی نشاندہی کی جس کیخلاف اپوزیشن ارکان نے شور شرابا اور احتجاج شروع کیا جبکہ نو منتخب خواتین اور اقلیتی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے شدید نعرہ بازی کی ، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہاکہ آخر ایسا کب تک چلے گا ؟ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجودخواتین اور اقلیتی ارکان سے حلف نہیں لیا جارہا ہے اگر اسپیکر نو منتخب ارکان سے حلف نہیں لینگے تو ہم پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے پاس درخواست لیکر جائینگے، اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہاکہ اب کورم کی نشاندہی ہوچکی ہے، مجھے کوئی شق بنائی جائے جسکی رو سے میں اسمبلی کارروائی جاری رکھ سکوں جسکے بعد انہوں نے ایوان میں گنتی کرانے کی ہدایت کی اس وقت ایوان میں 25ارکان موجود تھے جس پر اسپیکر نے دو منٹ کیلئے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا تاہم ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس24جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے بتایا کہ اب جب اسمبلی کا اجلاس ہوگا حلف برداری کی کارروائی ہوگی۔ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیابریفنگ میں بتایا کہ صوبہ میں 12سالوں سے سیاسی نابالغوں کی حکومت ہے، خواتین اور اقلیتی ارکان کو حلف سے روک کر انہیں ٹارچر کرنا کہاں کی جمہوریت ہے؟ اسمبلی کیساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، اس کے بعد عباد اللہ خان نےاپوزیشن ارکان کے ہمراہ پشاور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے آرٹیکل 255(2) کے تحت مخصوص نشستوں پر نو منتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے کسی مناسب شخصیت کو نامزد کرنے کی استدعا کی گئی جس پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے نامزد کیا جنہوں نے گزشتہ شام گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران21خواتین اور 4اقلیتی ارکان سے حلف اٹھایا ،حلف برداری کے بعد گورنر نے حلف اٹھانے والے اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کیخلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف برداری آئین کی خلاف ورزی ہے،آئین کا آرٹیکل 65 واضح ہے، حلف صرف اسمبلی فلور پر ہو سکتاہے، اسپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس ملتوی ہوا، 24 جولائی کو اجلاس طلب کیا گیاہے اسلئےگورنر ہاؤس میں حلف لینا غیر آئینی عمل ہے۔ دوسری جانب وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جان بوجھ کر کورم پورا نہیں کیا گیا اور اجلاس ملتوی ہوا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ سینیٹ میں کیوں ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیتے ہیں؟ بانیٔ پی ٹی آئی ہمیشہ بولی لگواتے ہیں، بولیاں لگانے اور سیٹیں بیچنے کا کلچر خیبر پختون خوا میں کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ کے پی اسمبلی کو نامکمل کرنا اور سینیٹ کے ہاؤس کو مکمل نہ ہونے دینا بہت بڑا جرم ہے، اسپیکر نے سازش کے تحت ارکانِ اسمبلی کو حلف لینے سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ قانونی غلطیوں کا نقصان خود پی ٹی آئی کو ہوا، سینیٹ کو مکمل ہونے سے روکنا بہت بڑا آئینی جرم ہے۔
اسلام آبادقومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ اجلاس...
مقبوضہ بیت المقدس اسرائیل کی اٹارنی جنرل نے اسرائیل کی خفیہ جاسوس ایجنسی موساد کے اگلے سربراہ کی تقرری...
اسلام آبادوفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور بیرک کے چیئرمین جان ایل تھارنٹن نے ریکوڈک منصوبے پر کام کو...
اسلام آباد سینیٹ کا اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد پیر کی شام 5بجے دوبارہ پارلیمنٹ ہائوس میں شروع ہوگا ، آج کے...
اسلام آ باد قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی نے اتوار کے...
اسلام آباد پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے مرمت کے دوران انٹرنیٹ سروس میں عارضی خلل کا انتباہ جاری کیا...
لاہور معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تاریخی موقع پر شہریوں کا...
اسلام آ باد پاکستان مانومنٹ شکر پڑیاں میںمعرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی مرکزی تقریب کو آندھی اور بارش کی وجہ سے...