مالاکنڈ اور قلات، فورسز کی کارروائیاں، 13 فتنہ الخوارج ہلاک، جنوبی وزیراستان میں 7 پولیس اہلکار اغوا

21 جولائی ، 2025

راولپنڈی(نمائندہ جنگ )سکیورٹی فورسز نے قلات میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیاجبکہ سکیورٹی فورسز نے 16 سے 20 جولائی کے دوران ضلع مالاکنڈ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا جس میں 9 خوارجی ہلاک اور 8 گرفتار کئے گئے‘خوارج کے زیراستعمال دو ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ادھرجنوبی وزیرستان میں اتوار کوگشت کے دوران دو الگ الگ واقعات میں دو تھانوں کے سات پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا۔اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مالاکنڈمیں چارروزپر محیط آپریشن بھارتی ایجنٹ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا۔شدید اور مسلسل فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 9خوارج واصل جہنم کیے گئے جبکہ 8 خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق 19اور20جولائی کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی ایجنٹ تنظیم "فتنہ الہندوستان" کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔