محسن نقوی کابل پہنچ گئے ،افغان قائدین سے ملاقاتیں

21 جولائی ، 2025

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی افغانستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں، جہاں انکی افغان ہم منصب سراج الدین حقانی اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات ہوئی، محسن نقوی کا کہنا ہے کہافغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرپا تعلقات کے خواہاں ہیں، دہشت گردتنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث، ملکر روکنا ہو گا، افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے اہم ملاقات میں انسداد دہشت گردی، دراندازی ،کالعدم تحریک طالبان سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزراء نےپاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے وطن واپسی کے عمل پر گفتگو کی جبکہ پاک افغان بارڈر مینجمنٹ، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی افغانستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں،کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ پر افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری کی قیادت میں افغان حکام نے ان کا استقبال کیا سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی انکے ہمراہ ہیں، وفاقی وزیر داخلہ نے کابل میں اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات کی، افغان وزارت داخلہ آمد پر افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا ۔ ملاقات میں افغانستان کے سینئر نائب وزیر داخلہ ابراہیم سردار، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، اعلی سفارتی حکام اور افغان وزارت داخلہ کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خصوصا انسداد دہشت گردی و دراندازی و کالعدم تحریک طالبان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔