پنجاب میں بارشوں و سیلابی ریلوں سے نقصانات کے جائزے اور تخمینے کا عمل شروع

21 جولائی ، 2025

اسلام آباد(تنویر ہاشمی )وزیر مملکت خزانہ اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جہلم سمیت پنجاب بھر میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کے جائزے اور تخمینے کا عمل شروع ہو گیا ۔ متاثرین کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ، شفاف، درست اور منصفانہ سروے کے ذریعے بارشوں کےمتاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، وہ جہلم کے بارش اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر شہریوں سے ملاقات اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت خزانہ خورد چوٹالہ، رسول نگر، دادو پور، امبر کے متاثرہ علاقوں میں گئے اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے حکام نے نقصانات، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن اور بحالی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی، خورد چوٹالہ میں ریلیف کیپ اور میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ متاثرہ لوگوں کے علاج معالجے، ادویات، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی کا معائنہ کیا،وزیر مملکت خزانہ بلال نے پٹوار، محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک حکام کی موقع پر شہریوں کے نقصانات کے اندراج کے عمل کا بھی معائنہ کیا،انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے امدادی کیمپوں میں ہی نقصانات کا اندراج کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، انشاءاللہ اس عمل کو جلد مکمل کر لیا جائے گا، یقینی بنائیں گے کہ ہر مستحق شخص کے نقصان کا جائز ازالہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ کے مطالبے پر نالہ بنا کے مختلف حصوں پر بند اور پشتوں کے حوالے سے بھی جائزے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں نقصانات سے بچا جا سکے، آئیسکو نے بجلی کے کھمبوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، سڑکوں کی مرمت و بحالی کام کام بھی جاری ہے،دارا پور میں گر جانے والے سٹیل کے پل کی مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں عارضی بنیادوں پر رابطہ بحال ہو جائے۔ قبل ازیں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی سیداں والا، جلال پور شریف پہنچے جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں سیلابی ریلے میں عوام کی جان بچانے والے پنجاب پولیس کے شہید سپاہی حیدر علی حسین کو قبر پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر مملکت شہید کے گھر بھی گئے اور شہید کی والدہ اور والد سے ملاقات کی، انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کی، وزیر مملکت خزانہ نے شہید کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی حسین نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کی زندگیاں بچا کر شہادت کا بلند رتبہ پایا، ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔وزیر مملکت نے اہل خانہ کو شہید پیکج کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ شہید حیدر علی حسین کے نام پر ان کے گاؤں سیداں والا میں یادگار بنائی جائے گی اور آبائی علاقے میں مرکزی چوک کو بھی شہید کے نام سے منسوب کیاجائے گا۔