پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ، مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے، ریلیاں

21 جولائی ، 2025

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کی اپیل پر وسطی پنجاب کے ڈویژنل مقامات پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی،قائدین نے کہا کہ حکمرانوں نے غریبوں کی زندگی مشکل بنادی ہے۔ فیصل آباد ڈویژن میں چنیوٹ بازار سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کی، اس موقع پر امیر ضلع محبوب الزمان بٹ،انوار الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کو بدحال کر دیا ہے۔اشیا ء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ کم آمدن والے افراد کے لئے جسم کا روح سے رشتہ قائم رکھنا بھی مشکل ترین مرحلہ بن چکا ہے۔ غربت کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ 70 فیصد عوام کو پینے کے لیے صاف پانی میسر نہیں۔ ملک میں مہنگائی جس شرح سے بڑھ رہی ہے عوام اسکے بوجھ تلے پستے چلے جا رہے ہیں ان کی ہمت اور کمر ٹوٹ چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک عزیز میں جس انداز سے مہنگائی نے پنجے گاڑے ہیں اسے محض طلب اور رسد میں عدم توازن یا کمی بیشی کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان پر مجموعی طور پر 130 ارب ڈالر سے زائد کا بیرونی قرضہ ہے۔ ملک کی معیشت بیرونی امداد اور قرضوں پر چل رہی ہے۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب ملک میں بنیادی سہولتوں پر خرچ کرنے کے لیے پیسے نہیں، تو پارلیمنٹیرینز کی تنخواہیں بڑھانے کے لیے بجٹ کہاں سے آگیا؟ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان میں اراکین پارلیمنٹ کی مراعات پہلے ہی کئی ترقی یافتہ ممالک سے زیادہ ہیں۔ انہیں سرکاری گاڑیاں، رہائش، مفت سفری سہولتیں، ہیلتھ کیئر اور دیگر کئی مراعات حاصل ہوتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر موجودہ حکومت واقعی ملک کے معاشی مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو اسے سب سے پہلے اپنی ترجیحات پر نظرثانی کرنی ہوگی۔ غیر ضروری اخراجات کو کم اور اراکین پارلیمنٹ کو یہ باور کرانا ہوگا کہ وہ عوام کے نمائندے ہیں حکمران نہیں۔ لاہور میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت امیر حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری نے کی۔گوجرانوالہ میں احتجاجی ریلی کی قیادت امیر ضلع مظہر اقبال رندھاوا نے کی، ساہیوال میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر ضلع طیب محمود بلوچ نے کی۔