FBR نے جی ایل ٹی پر مناسب ریکارڈ یقینی بنانے کیلئے 7شرائط عائد کردیں

24 جولائی ، 2025

اسلام آباد (مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمباکو کی پتی کی خریداری کیلئے 100ارب روپے سے زائد کے لین دین کو آسانی سے چلانے اور 390 روپے فی کلو ایڈوانس ٹیکس کو محفوظ بنانے کے لیے گرین لیف تھریشنگ (جی ایل ٹی) یونٹس پر مناسب ریکارڈ کو یقینی بنانے کے لیے سات شرائط عائد کی ہیں۔ ملک بھر میں صرف 14 جی ایل ٹی یونٹس ہیں اور اگر جی ایل ٹی یونٹس کی مؤثر طریقے سے نگرانی کی جائے تو ایف بی آر غیر قانونی سگریٹ سازی کو روک سکتا ہے۔ ایف بی آر نے اس عمل کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے جی ایل ٹی یونٹس پر ایف سیز کے تقریباً 300 اہلکاروں کو تعینات کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ایف بی آر کے 21 جولائی 2025 کو جاری کردہ فیڈرل ایکسائز جنرل آرڈر کے مطابق، فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے سیکشن 43 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، بورڈ نے ہدایت دی ہے کہ پروسیس شدہ تمباکو کی مقامی فروخت اور گودام میں شامل جی ایل ٹی یونٹ اس وقت تک پروسیس شدہ تمباکو کو ہٹائے گا جب تک کہ ایف ای ڈی کی ادائیگی نہ کی جائے اور درج ذیل طریقہ کار اور شرائط پوری نہ کی جائیں:تمباکو جی ایل ٹی یونٹ ایس ٹریک سسٹم کے لاگ ان پاس ورڈ کا استعمال کرتے ہوئے وصول کنندہ، پروسیس شدہ تمباکو اور اس کی منزل کی تفصیلات دکھانے والا ایس ٹریک انوائس جاری کرے گا۔