اسکاٹ لینڈ،نارتھ ایسٹ اور نارتھ ویسٹ انگلینڈ کے ہزاروں افراد 2 ہفتے سے بجلی سے محروم

05 دسمبر ، 2021

لندن (پی اے) 26 نومبر کو آنے والے ارون طوفان کے بعد سے اسکاٹ لینڈ، نارتھ ایسٹ اور نارتھ ویسٹ انگلینڈ کے ہزاروں افراد کو بجلی سے محرو م ہوئے دوسرا ہفتہ شروع ہوگیا ہے۔ انرجی نیٹ ورک ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کی شام تک 9,000 سے زیادہ گھروں کی بجلی بحال نہیں ہوسکی تھی. ریگولیٹر آف جیم نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ اس نے طوفان کے بعد بجلی کی بحالی کیلئے انرجی نیٹ ورک کمپنیوں کے اقدامات کا فوری جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ جن گھروں کی بجلی ابھی تک بحال نہیں ہوسکی ہے، ان کی بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے موسم مزید سرد رہنے، تیز ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق انگلینڈ کے مشرقی علاقے، نارتھ یارک شائر مورز اور لنکن شائر کے بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور نارتھ ویسٹ میں دور دور تک بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں ہفتہ کی صبح مطلع ابر آلود رہنے، بارش ہونے اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو انگلینڈ کے مشرقی علاقوں میں سردی جاری رہے گی۔ برطانیہ کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت 6 درجہ سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے اوائل میں کہیں کوئی زیادہ خلل پڑنے کی توقع نہیں ہے، شمال مغرب سے ہوا کے ایک معتدل طوفان آرہا ہے لیکن اس سے سردی میں خاص اضافے کا خدشہ نہیں ہے۔ کرسمس کی شاپنگ کرنے والے کچھ زیادہ کپڑے پہن کر باہر نکلیں۔ اسکاٹ لینڈ اور سدرن الیکٹریسٹی نیٹ ورکس کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کیلئے کام میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، جمعہ تک SSEN کے صرف 950 صارفین بجلی سے محروم تھے، ان میں اکثریت یا تو سنگل پراپرٹیز تھیں یا ان کا تعلق ابرڈن شائر، پرتھ شائر، انگس اور مورے کے چھوٹے دیہات کے مکانوں سے تھا۔