ٹوکیو میں گاڑی کی صرف 10 منٹ پارکنگ کی 440 روپے فیس، ایک منٹ زائد ہونے پر چارجز ڈبل

04 اگست ، 2025

کراچی (افضل ندیم ڈوگر )جاپان میں مہنگائی کا اندازہ اس تصویر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ دارالحکومت ٹوکیو کے ڈاؤن ٹاؤن میں اسکائی ٹری کے قریب ورکنگ اوور میں صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کے دوران صرف 10 منٹ کی پارکنگ کیلئے 220 ین یعنی 440 روپے پاکستانی چارج کیے جاتے ہیں۔ رات کیلئے کچھ رعایت ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 8 بجے تک 1 گھنٹے کی پارکنگ پر 110 ین یعنی پاکستانی 220 روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ دیکھا جا سکتا ہے کہ اس پلاٹ پر صرف دو گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔ ساتھ میں مشین بھی لگی ہے جہاں پر کریڈٹ کارڈ یا کیش کے ذریعے فیس کی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔ مٹسوئی ری پارک میں ایک منٹ زائد یعنی 11 منٹ کی صورت میں 20 منٹ لاگو ہوجاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جاپان میں امیر لوگ بھی ڈاؤن ٹاؤن ٹوکیو جانے کے لیے ٹرین استعمال کرتے ہیں اور چھوٹے موٹے راستوں پر پیدل چلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ جاپان میں ٹرینوں کا انتہائی مضبوط نیٹ ورک ہے۔