حکومت کا2021سے عائد گیس کنکشنز پر پابندی ختم کرنیکافیصلہ

04 اگست ، 2025

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے 2021 سے عائد گیس کنکشنز پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ گھریلو و تجارتی صارفین کو درآمد شدہ ڈالر کی بنیاد پر ایل این جی (آر ایل این جی) فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پیش رفت سے باخبر ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان میں آر ایل این جی کی اضافی مقدار موجود ہے، اور حکام چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں نئے گیس کنکشن کے خواہشمند افراد کو درآمد شدہ گیس فراہم کی جائے۔ آر ایل این جی کی قیمت ایل پی جی کی قیمت سے اب بھی 20 سے 25 فیصد کم ہے۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ آر ایل این جی پائپ لائن کے ذریعے فراہم کی جانے والی گیس ہوگی۔ اس فیصلے کی سمری منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کو بھیج دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے اصولی طور پر اس اقدام کی منظوری دے دی ہے۔