مون سون میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 299ہوگئی ، این ڈی ایم اے

04 اگست ، 2025

لاہور( این این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 299 ہو گئی۔715 زخمی ،1676 مکانات کو نقصا ن ،428مویشی بھی ہلاک ، ملک بھر میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلابی صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ۔ سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ مون سیزن کے دوران 26 جون سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 234 سے بڑھ کر 299 ہوگئی ہے جبکہ 715 افراد زخمی ہوئے ہیں۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس سال کی طوفانی بارشوں اور سیلاب میں کم از کم 299 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ715 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونیو الوں میں 140 بچے، 102 مرد اور 57 خواتین شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں 239 بچے، 204 خواتین اور 272 مرد شامل ہیں۔بارشوں اور سیلاب کے دوران عوامی املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ کل 1676 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 562 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق، بارشوں کے دوران 428 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔26 جون سے اب تک، این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں سے 2880 افراد کو ریسکیو اور محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔رپورٹ کے مطابق این ڈی ایم اے نے 13466 امدادی اشیا تقسیم کیں، جن میں 1999 خیمے، 61 راشن بیگ، 958 کمبل، 569 رضائیاں، 613 گدے، 1282 کچن سیٹ، 1163 فوڈ پیک، 350 لائف جیکٹس، 1122 حفظانِ صحت کے گھریلو کٹس، 2170 ترپالیں اور 146 پانی نکالنے والی مشینیں شامل ہیں۔