بنوں میں فتنہ الہندوستان کا پولیس چوکی پر حملہ ، اہلکار شہید ، 3زخمی ، 3دہشت گرد مارے گئے

04 اگست ، 2025

پشاور،اسلام آباد(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے جبکہپولیس کی بھر پور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے، دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا، ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے، دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، شہید اہلکارکی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں۔پولیس کے جوانوں نے بھر پور جوابی کارروائی کی اور 3 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا، ان کے دیگر دم دبا کر ساتھی فرار ہوگئے، ریسکیو نے زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈی آئی جی بنوں کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈٹ کر کھڑی ہے، ہمارے جوان دشمن کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، دہشت گرد اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے قریب پولیس چوکی فتح خیل پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کےحملے کی مذمت کی اور دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔