’’آپ کی موت کب ہوگی‘‘ سائنسدانوں نے جدید ٹیسٹ ایجاد کر لیا

04 اگست ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمر کے لحاظ سے آپ کی 40؍ کی دہائی میں کیا گیا ایک سادہ سا دماغی اسکین یہ بتا سکتا ہے کہ آپ کب تک زندہ رہیں گے، اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا جسم کتنی تیزی سے بوڑھا ہو رہا ہے۔ ڈیوک یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ درمیانی عمر میں کیا گیا ایم آر آئی (دماغی اسکین) جسمانی بڑھاپے کی رفتار کو درست انداز میں ظاہر کر سکتا ہے، جس سے ڈاکٹروں کو الزائمر سمیت کئی بیماریوں کی شروعات کی پیشگوئی میں مدد مل سکتی ہے۔ جسمانی بڑھاپا (Biological Aging) اس رفتار کو کہتے ہیں جس سے آپ کا جسم اصل عمر کے مقابلے میں بوڑھا ہو رہا ہے، اور یہ آپ کی صحت اور زندگی کی متوقع مدت پر اثر ڈال سکتا ہے۔