دالبندین:گاڑی پر فائرنگ کا معمہ، زخمی شخص کا لیویز اور ایکسائز پر الزام

04 اگست ، 2025

دالبندین( نامہ نگار) گزین کے علاقے میں مبینہ طور پر ایک گاڑی پر فائرنگ سے ایک عمر رسیدہ شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص نے ویڈیو میں ایکسائز اہلکاروں پر فائرنگ کا الزام لگا دیا۔تفصیلات کے مطابق، پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ گزین کے علاقے میں ایک کار میں سوار بوڑھے شخص نے اپنی ایک ویڈیو میں کہا کہ "میرے اوپر لیویز اور ایکسائز نے فائر کیا ہے، جس کی وجہ سے میں زخمی ہوا ہوں۔ دوسری ویڈیو میں وہ بتا رہا ہے کہ ایکسائز نے فائرنگ کی ہے۔اس حوالے سے ایس پی چاغی سے رابطہ کیا گیا، ان کا مؤقف تھا کہ لیویز کے کسی اہلکار نے فائرنگ نہیں کی۔ ویڈیو میں وہ ایکسائز کا ذکر کر رہا ہے۔جب متعلقہ ایکسائز آفیسر سے رابطہ کیا گیاتو ان کا مؤقف تھا کہ ایکسائز نے فائرنگ نہیں کی اور نہ ہی وہ اس علاقے میں گشت پر گئے تھے۔تاہم دونوں کی جانب سے تردیدی مؤقف کے بعد مقامی ہسپتال سے رابطہ کیا گیا کہ آیا زخمی عمر رسیدہ شخص کو ہسپتال لایا گیا ہے۔ ہسپتال عملے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کسی زخمی شخص کو ہسپتال نہیں لایا گیا۔ادھر ایکسائز اور لیویز دونوں فائرنگ نہ کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ایکسائز ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر زخمی شخص کو گولی لگی ہے تو وہ سرکاری ہسپتال آتا، ابتدائی طبی امداد لیتا، تاکہ معلوم ہو جاتا کہ اسے کس نے مارا ہے اور کون سی گولی لگی ہے۔ویڈیو میں واضح طور پر نظر آ رہا ہے کہ اس کے پاؤں سے خون نکل رہا ہے، لیکن یہ معلوم نہیں کہ وہ اس حالت میں کہاں چلا گیا۔پاک ایران شاہراہ گزین کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ایک معمہ بن گیا ہے۔ مزید تحقیقات دونوں ادارے کر رہے ہیں۔