پیپلزپارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،سردار عمر گورگیج

04 اگست ، 2025

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہداء اور جیالوں کی جماعت ہے جس نے اپنے قائدین اور جیالوں کے خون کا نذرانہ دئے کر ملک میں جمہوریت کی آبیاری کی اور جمہوری و سیاسی نظام کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر رہنماء سردار نور احمد بنگلزئی سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی صمد خان گورگیج و دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر سردار نور احمد بنگلزئی نے سردار محمد عمر گورگیج کو پیپلزپارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم سازی میں حقیقی نمائندوں اور ورکروں کو ذمہ داری سونپی جائے۔ملاقات میں دونوں رہنماوں نے صوبے میں تنظیم سازی مکمل کرنے سمیت بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے مسائل کے حل اور صوبے کی پسماندگی وعوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی جیالوں کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ۔دونوں رہنماوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر روزگار کی فراہمی ، امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی اس نے بلا تفریق روزگار کی فراہمی یقینی بنائی ۔