وزیراعظم کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 2لاکھ روپے، زندگی بھر کیلئے سیکورٹی کا مستحق

04 اگست ، 2025

اسلام آباد (ساجد چوہدری )پاکستان میں آئین کے آرٹیکل 91کی دفعہ 4کے تحت وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے والا شخص زندگی بھر کیلئے موزوں سیکورٹی کا مستحق ہوگا، ماہانہ تنخواہ کے علاوہ دیگر مراعات میں ریلوے سیلون، ریور کرافٹ، ہوائی جہاز اور سرکاری کاریں بھی اپنے ذاتی استعمال میں لاسکتے ہیں ، سرکاری فرائض کی انجام دیہی کیلئے ریلوے ٹرین بھی حاصل کرسکتے ہیں تاہم عہدہ چھوڑنے کے بعد پنشن یا مالی فوائدکا مستحق نہیں ہوگا، وزیراعظم پاکستان کو ملنے والی تنخواہ، الائونسز ، مراعات اور ریٹائرمنٹ کے بعد کی سہولیات کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کر دی گئیں ، دستاویز کے مطابق وزیراعظم کی تنخواہ ، الائونسز اور مراعات ایکٹ 1975کے تحت منظور کئے گئے ہیں ، اسی ایکٹ کی دفعہ 17کے تحت زندگی بھر کیلئے سیکورٹی کا حقدار ہے ،وزارت عظمیٰ کے دوران وزیراعظم کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کو بھی میڈیکل سہولیات سمیت دیگر مراعات کے بھی مستحق ہیں ، وزیراعظم کو بعض ٹیکسز میں بھی چھوٹ ہے ، وزیراعظم کی بنیادی تنخواہ 107280روپے اور دیگر الائونسز بھی شامل ہیں ،پاکستان میں ایک سابق وزیراعظم کی 2019میں منظر عام پر آنے والی ایک سیلری سلپ کے مطابق وزیراعظم کی مجموعی تنخواہ تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے۔