بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں ، ظلم برداشت نہیں کروں گی ، مریم نواز ، جھنگ میں لڑکی پر تیزاب ڈلنے کے واقعہ کا نوٹس

04 اگست ، 2025

 لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں، ظلم برداشت نہیں کروں گی۔وزیر اعلیٰ نے جھنگ کے علاقے میں لڑکی پر تیزاب ڈالنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیاہے-وزیر اعلیٰ نے موضع محرم سیال میں تیزاب گردی کے واقعہ پر سخت غم وغصہ کا اظہار کیا ہے-انہوں نے آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی اورملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے- وزیراعلیٰ مریم نے متاثرہ بشریٰ فاطمہ کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں،کسی بھی بیٹی پر کسی طرح کا ظلم برداشت نہیں کروں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشن آزادی کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں -79 واں جشن آزادی منانے کی تقریبات کا دوسرا دن ہے-پنجاب میں تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر جشن آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد کیاگیا-پنجاب بھر میں قومی پرچموں کی بہار آ گئی، گلیاں، بازار، چوک چوراہے، راستے خوبصورتی سے سجا دیئے گئے -گجرات، خانیوال، ساہیوال، خوشاب میں بھی جشن آزادی کی سرگرمیاں تیز ہو گئیں -جھنگ، وہاڑی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سرگودھا، چکوال میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیاگیا-جہلم میں وزیراعلی پنجاب کے مشیر صحت جنرل اظہر کیانی نے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی، پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا -جنرل اظہر کیانی سمیت دیگر افراد نے جشن آزادی پر خاص طور پر تیار کردہ کئی میٹر طویل پرچم کی تقریب میں بھی شرکت کی -سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کی خصوصی تقاریب کے انعقاد اور گھروں کو جھنڈیوں اور پرچموں سے سجانے کا سلسلہ بھی جاری ہے-سکولوں میں بھی مختلف تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں -جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے -عوام کی بڑی تعداد جشن آزادی پر خوبصورت سجاوٹ دیکھنے سڑکوں پر نکل آئے -بچے جشن آزادی تقریبات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں ۔