عمران خان کبھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے، علی امین گنڈاپور

04 اگست ، 2025

پشاور (ارشد عزیز ملک )وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ کہاہے کہ میں پاکستان سے باہر نہیں جائوں گا پاکستان میں ہی رہوں گا۔ انہوں نے ڈیل کرنی ہوتی تو کرلی ہوتی یہ سب مفروضے ہیں نئے نئے شوشے چھوڑے جاتے ہیں یہ سب احتجاجی تحریک کو نقصان پہنچانے کے لیے کئے جاتے ہیں-وہ جنگ سے خصوصی بات چیت کررہے تھے ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی بیرون ملک جانے کی کوئی خواہش ظاہر کی اورنہ ہی کبھی یہ بات کی ہے اور نہ ہی کبھی اس بارے میں سوچا ہے کہ کبھی وہ پاکستان چھوڑکر جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنایا ہے عمران خان کی حکومت ہے اورعمران خان کا مینڈیٹ ہے اورانشاء اللہ میں پوری کوشش کررہا ہوں کہ خان کے مینڈیٹ کے مطابق اپنا کردارادا کروں ۔صوبے کو سخت چیلنجز کا سامنا ہے ۔ ایک جانب انتظامی اور حکومتی معاملات ہیں اوردوسری جانب پارٹی کی احتجاجی تحریک چل رہی ہے تحریک انصاف کو تاریخ کے بدترین مظالم کا سامنا ہے ۔سسٹم تحریک انصاف کے ساتھ زیادتی کررہا ہے تاریخ میں اس سے زیادہ ظلم نہیں ہوا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اعتماد ہے تو وزیراعلیٰ ہوں لوگ باتیں بناتے ہیں یہ وہ ایجنڈا ہے جوہمارے مخالفین کا ہے جب بھی ہماری تحریک شروع ہوتی ہے تو حکومتی رٹ کوکمزورکرنے کے لیے سازشیں کرتے ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ لوگ عمران خان کاایجنڈا نہیں بلکہ مخالفین کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کوحل کریں کیونکہ آپریشن مسائل کا حل نہیں ہم پہلے ہی 21آپریشن کرچکے ہیں اوران سے کامیابی نہیں ہوئی میں سمجھتاہوں کہ سب سے پہلے ہمیں افغانستان کے ساتھ تعلقات ٹھیک کرنا پڑیں گے ہمارا بہت لمبا بارڈر ہے اورافغانستان کئی دھائیوں سے حالت جنگ میں ہے اور افغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہونے چاہئیں اورمذاکرات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اعتماد کے بغیرآپ کوئی بھی جنگ جیت نہیں سکتے۔میں جرگوں کے ذریعے لوگوں کو امن کی جانب لا رہا ہوں -انہوں نے کہا کہ ہمیں کھل کربات کرنی چاہئے جب مسائل پر بات نہیں ہوتی تو چھوٹا سا مرض کینسر بن جاتا ہے۔ ہمارے لوگوں کا اداروں پراعتماد بحال ہونا ضروری ہے۔ جب تک عوام کا اداروں پراعتماد بحال نہیں ہوگا حکومت اورعوام کے درمیان اعتماد کارشتہ نہیں ہوگا اس وقت تک آپ کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ترقی نہیں ہوسکتی جب تک امن نہ ہو امن ہماری ترجیح ہے اورامن کے لیے ہم کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے اورہم کریں گے۔