نفرت اتنی بڑھ گئی ، ایک میز پر بیٹھنے کو تیار نہیں، غلطیوں کا اعتراف کرنا ہوگا، وزیر قانون

05 اگست ، 2025

اسلام آباد(نمائندہ جنگ /مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں نفرت اتنی بڑھ گئی کہ ہم ایک میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں‘ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگربولے کہ ایک جنازہ جمہوریت کا بھی نکل چکا ہے‘ اس پر بھی مغفرت کی دعا کروائی جائےجبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑنے کہ 9 مئی کیا ہے تو بھگتنا پڑے گا۔قومی اسمبلی اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔مخصوص نشستوں پر منتخب رکن ارم حامد حمید نے حلف اٹھا لیا‘اس دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں۔ایوان میں مرحوم میاں اظہر کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس پر خطاب کا سلسلہ جاری رہا، اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دوریاں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ ہم ایک دوسرے سے ملنے سے گریزاں ہیں، سیاست دانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کر دیا‘استدعا ہے کہ چیزوں کو وہاں تک رکھیں جہاں سے واپسی ممکن ہو۔ایوان میں نعرے لگانے سے نہیں بات چیت سے مسائل حل ہوں گے۔عامر ڈوگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فسطائیت کے دور میں مرحوم میاں اظہر پر آخری دنوں میں ڈنڈے برسائے گئے، ایک جنازہ جمہوریت کا بھی نکل چکا ہے، اس پر بھی مغفرت کی دعا کروائی جائے۔اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حالات یہ ہیں کہ اب پی ٹی آئی کا کوئی رکن ہمیں گلے ملنے کی جرات نہیں کرتا۔بعد ازاں ایوان کی کارروائی (آج) منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔