5 سے 10اگست تک شدید بارشیں سیلابی صورتحال این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

05 اگست ، 2025

اسلام آباد( نیو زرپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے ) نے 5 تا 10 اگست کے دوران شدید بارشوں کے پیش نظرممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآبادکے مقامات اور دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسی آپریشن سینٹرکی جانب سے پیرکو آئندہ ہفتے کی ممکنہ موسمی صورتحال کی تفصیلی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 5 تا 10 اگست کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآبادکے مقامات اور دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجےکے سیلاب کا خدشہ ہے۔ اسی طرح دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ تیزہونے کا امکان ہے اور سوات و پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا بہائو موجود ہے اور آئندہ دنوں میں پانی کا بہائو درمیانے درجے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شگر میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو ندی نالوں میں طغیانی بھی متوقع ہے۔اسی طرح بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں تربیلا ڈیم 90 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 60 فیصد بھر چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کی متعلقہ اداروں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ شہری علاقوں خصوصاً شمال مشرقی و وسطی پنجاب میں نکاسی آب کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس تیار رکھے جائیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں ۔واضح رہے کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کررہا ہے۔ اس سلسلے میں این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اورپانی کے تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں سے نہ گزریں ۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں۔