عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے جرائم کو رکوائے، شہباز

05 اگست ، 2025

اسلام آباد (رانا غلام قادر، نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمدشہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت پر بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کو روکنے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینے، سخت قوانین کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے پر زور دے۔ علاوہ ازیںیوم استحصال پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی،وزیراعظم کی ہدایت پر آج برو زمنگل صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔یوم استحصال کشمیرکے حوالہ سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس یوم استحصال پر حکومت پاکستان اور میں اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، ہم 5 اگست 2019 کو بھارت کے بین الاقوامی قانون اور اصولوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی اورغیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز قبضے میں رہنے والے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق، وقار اور شناخت سے مسلسل انکار علاقائی عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے، بھارت کے قبضے کو کسی بھی عام طریقے سے برقرار نہیں رکھا جا سکتا اور اس طرح ریاستی دہشت گردی اور جبر کی تقریباً آٹھ دہائیوں کے دوران اس میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے، بہادر کشمیری عوام نے ناقابل یقین وقار کے ساتھ اس ظلم کو برداشت کیا ہے، آج کا دن تمام پاکستانیوں اور دنیا کے تمام امن پسند لوگوں کے لئے کشمیری عوام کی غیر متزلزل عزم اور قربانی کے جذبے کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔