وزیراعظم کی تنخواہ ارکان پارلیمنٹ کے مقابلے میں نصف سے کم ہونے کا انکشاف

05 اگست ، 2025

اسلام آباد (ساجد چوہدری )پاکستان کے پارلیمانی نظام میں سب سے بڑا عہدہ وزیراعظم کا ہونے کے باوجود اس کی تنخواہ ماتحت وزراء ، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے مقابلے میں آدھی سے بھی کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کی تنخواہ کے مقابلے میں وزیراعظم کے عہدہ کی تنخواہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس وقت اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کی تنخواہ 13لاکھ روپےجبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ حالیہ اضافے کے بعد 5لاکھ 19ہزار روپے ہے ، ان کے مقابلے میں وزیراعظم پاکستان کے عہدے کی تنخواہ تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے ، تاحیات سیکورٹی ،ٹیکسز میں چھوٹ ، عہدہ چھوڑنے پر پنشن یا مالی فوائدکا مستحق نہیں ،ذرائع نے بتایا کہ موجودہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے عہدے کی تنخواہ نہیں لے رہے ہیں ، حال ہی میں سینٹ میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے پیش کردہ وزیراعظم پاکستان کو ملنے والی تنخواہ، الائونسز ، مراعات اور ریٹائرمنٹ کے بعد کی سہولیات کی تفصیلات میں انکشاف ہوا کہ وزیراعظم پاکستان کے عہدہ کی بنیادی تنخواہ 107280روپے ہے جبکہ دیگر الائونس کو ملایا جائے تو یہ تنخواہ تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے ، پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں آئین کے آرٹیکل 91کی دفعہ 4کے تحت وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے والا شخص زندگی بھر کیلئے موزوں سیکورٹی کا مستحق ہوگا، ماہانہ تنخواہ کے علاوہ دیگر مراعات میں ریلوے سیلون، ریور کرافٹ، ہوائی جہاز اور سرکاری کاریں بھی اپنے ذاتی استعمال میں لاسکتے ہیں ، سرکاری فرائض کی انجام دیہی کیلئے ریلوے ٹرین بھی حاصل کرسکتے ہیں تاہم عہدہ چھوڑنے کے بعد پنشن یا مالی فوائدکا مستحق نہیں ہوگا، دستاویز کے مطابق وزیراعظم کی تنخواہ ، الائونسز اور مراعات ایکٹ 1975کے تحت منظور کئے گئے ہیں ، اسی ایکٹ کی دفعہ 17کے تحت زندگی بھر کیلئے سیکورٹی کا حقدار ہے ،وزارت عظمیٰ کے دوران وزیراعظم کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ بھی میڈیکل سہولیات سمیت دیگر مراعات کے مستحق ہیں ، وزیراعظم کو بعض ٹیکسز میں بھی چھوٹ ہے ، وزیراعظم کی بنیادی تنخواہ 107280روپے اور دیگر الائونسز بھی شامل ہیں ،ایک ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کے عہدہ کی تنخواہ 2لاکھ 15ہزار روپے بنتی ہے ،پاکستان میں ایک سابق وزیراعظم کی 2019میں منظر عام پر آنے والی ایک سیلری سلپ کے مطابق وزیراعظم کی مجموعی تنخواہ تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے ،وزیراعظم کو صوابدیدی گرانٹ سمیت دیگر اخراجات وغیرہ کی مد میں سالانہ 71 لاکھ روپے کی رقم بھی خرچ کر سکتے ہیں ، سرکاری رہائش گاہ کی مینٹی ننس و فرنیچر کی مینٹی نینس و تبدیلی پر اخراجات کیلئے سالانہ ساڑھے تیرہ لاکھ روپے بھی ملیں گے۔