کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، حسان خاور

05 دسمبر ، 2021

لاہور(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹر)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف پولیس کی مدعیت میں قتل اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 200سے زائدچھاپوں میں اب تک 118 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں واقعے میں ملوث 13 مرکزی ملزمان بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار خود سارے کیس کی نگرانی کر رہے ہیں۔واقعہ میں گرفتار ملزمان کو عبرتناک سزا دلوائی جائے گی۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، پولیس کو پہلی کال موصول ہونے سے لیکر موقع پر پہنچنے تک کے مرحلے کی بھی محکمانہ انکوائری کی جا رہی ہے اور تاخیرو غفلت سامنے آنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ حسان خاور نے قوم کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ پر نا صرف غیر جانبدار انصاف ہو گا بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پنجاب راؤ سردار کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں سیالکوٹ واقعہ کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔