پاکستان کے قرضہ جاتی نظام میں سیٹلائٹ پر مبنی زرعی تجزیات بھی شامل

10 اگست ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر /نیوز رپورٹر) پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک (ایچ بی ایل ایم ایف بی) کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں تاکہ پاکستان کے قرضہ جاتی نظام میں سیٹلائٹ پر مبنی زرعی تجزیات کو شامل کیا جا سکے ،یہ سپارکو اور کسی بینک کے درمیان اس نوعیت کے حل کے لیے پہلا اشتراک ہے۔ سپارکو ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصاویر، فصلوں کی صحت کا تجزیہ، پیداوار ی تخمینے، رسک پروفائلنگ اسکور فراہم کریگا ،یہ اقدام زرعی شعبے میں موسمیاتی لحاظ سے بہتر کاشتکاری کو فروغ دینے اور کسانوں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال میں اہم پیش رفت ہے۔ معاہدے کے تحت، سپارکو ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصاویر، فصلوں کی صحت کا تجزیہ، پیداوار کے تخمینے، رسک پروفائلنگ، اور قرض کی اہلیت کے اسکور فراہم کرے گا تاکہ ڈیٹا پر مبنی قرضہ جاتی فیصلوں کو ممکن بنایا جا سکے۔پائلٹ مرحلہ ضلع اوکاڑہ، پنجاب میں نافذ کیا جائے گا جو ملک کے اہم زرعی علاقوں میں سے ایک ہے۔ سپارکو کا محفوظ اے پی آئی اور ڈیش بورڈ انٹرفیس براہِ راست ایچ بی ایل ایم ایف بی کے سسٹمز سے منسلک ہو گا، جس سے دستی فیلڈ ویریفکیشن کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور قرض سے پہلے کے جائزے کو دور سے ممکن بنایا جا سکے گا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، ممبر اسپیس ایپلی کیشنز اینڈ ریسرچ سپارکو، ظفر اقبال نے کہاسپارکو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے استعمال میں پیش پیش ہے۔ ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک کے ساتھ یہ شراکت ہمارے لیے ایک سنگ میل ہے کیونکہ ہم پہلی بار اپنا زرعی جغرافیائی معلوماتی نظام مالیاتی شعبے میں متعارف کرا رہے ہیں۔ اپنی تجزیاتی صلاحیتوں کو بینکنگ سیکٹر کی رسائی کے ساتھ ملا کر ہم قرضہ جاتی عمل کو مضبوط بنانا، زرعی پیداوار میں اضافہ اور دیہی برادریوں کی ترقی چاہتے ہیں ،پائلٹ مرحلے کے بعد منصوبے کو قرض کے اجراء کے بعد سیٹلائٹ کے ذریعے فصل کی نگرانی تک بڑھایا جائے گا، جس سے فصل میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کا بروقت پتا چل سکے گا اور رسک مینجمنٹ اور قرضوں میں شفافیت کے لیے ایک مضبوط نظام فراہم ہو گا۔ یہ اشتراک سپارکو اور ایچ بی ایل ایم ایف بی کو پاکستان کے زرعی مالیاتی شعبے میں خلائی ٹیکنالوجی پر مبنی حل متعارف کرانے کے حوالے سے پیش رو کے طور پر سامنے لاتا ہے۔