کھاریاں: ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل،2 روز بعد لاشیں برآ مد ، اڑھائی سالہ بچہ روتا رہا

05 دسمبر ، 2021

گجرات،سرائے عالمگیر ،لاہور (نمائندہ جنگ، نامہ نگار،خصوصی رپورٹر) کھاریاں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کردیا گیا ۔فلیٹ سے چاروں کی لاشیں دو روز بعد برآمد ہوئیں ، اڑھائی سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا اور روتا رہا ،جسے فلیٹ سے زندہ نکال لیا گیا،تھانہ صدر کھاریاں کے علاقہ جی ٹی روڈ ڈنگہ روڈ پر واقع ثاقب پلازا میں ایک فلیٹ میں کرائے پر رہائش پذیر 24سالہ ربیعہ بی بی اس کے شوہر اسرارمرتضیٰ،22سالہ زینب بی بی اور اس کے شوہر نعمان روف کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا،مقتول اسرار کے اڑھائی سالہ بیٹے یحییٰ اسرار کو زندہ فلیٹ سے باہر نکال لیا گیا، ڈی پی او گجرات عمر سلامت کے مطابق مقتولین کے ہمسائے نسیم نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کے پڑوسی اسرار مرتضیٰ کے فلیٹ کا دروازہ بند ہے اور اندر سے بچے کے مسلسل رونے کی آواز آ رہی ہے جس پرایس ایچ او تھانہ صدر کھاریاں فراست چٹھہ اور ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر کھڑکی کاٹ کر اندر داخل ہوئے تو وہاں دو خواتین اور دو مردوں کی نعشیں پڑی ہوئی تھیں اور مقتول اسرار کا اڑھائی سالہ بیٹا یحییٰ اسراررو رہا تھا بچے کو فوری طور پر ریسکیو کیا گیا مقتولین کی شناخت اسرار مرتضی،ربعیہ اسرار،نعمان اور زینب کے ناموں سے ہوئی ہے مقتولہ ربیعہ مقتول اسرار کی اہلیہ جبکہ زینب مقتول نعمان کی اہلیہ ہے اور یہ دونوں سگی بہنیں ہیں ڈی پی او عمر سلامت نے نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش میں یہ لگتا ہے کہ مرنے والوں میں سے کسی ایک نے تینوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی اور لاشوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وقوعہ ایک دو روز قبل پیش آیا ہے، لاشوں کے قریب سے پسٹل بھی برآمد ہوا ہے، فرانزک ٹیم نے بھی موقع سے شواہد اکٹھے کیے جس کے بعد پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کھاریاں منتقل کر دیں، مقتول نعمان اور اس کی بیوی زینب ثاقب پلازا میں مقتول اسرار کے پاس مہمان آئے ہوئے تھے،پولیس نے مقتول بہنوں کی والدہ پروین اختر کی رپورٹ پر قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کر لی۔ سرا ئے عا لمگیر سے نا مہ نگار کے مطابق4افراد کے قتل کا مقد مہ مقتولین کی خوشدامن، والدہ کی مدعیت میں کھاریاں صدر پولیس نے نا معلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا پروین اختر زوجہ محمد یعقوب سکنہ موہری شریف نے صدر پولیس کھاریاں کو بتا یا کہ اسکی بیٹیوں زینب بی بی عمر 23سال، ربیعہ بی بی کی عمر 21سال کی شادیاں اسرار مرتضیٰ، نعمان رؤف سے کر رکھی تھیں انہیں فون پر اطلاع ملی کہ اسکا نواسہ اڑھائی سالہ یحییٰ اسرار اپنے گھر کے کچن سے جھانک رہا ہے وہ موقع پر پہنچے تو ہماری موجودگی میں ریسکیو 1122کے عملہ نے آہنی گرل کو کاٹا اور اندر داخل ہوئے ۔ صدر پو لیس نے مقد مہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔