وینا ملک کے بچوں کی حوالگی کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی

05 دسمبر ، 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈیوٹی جج غلام اکبر نے اداکارہ وینا ملک کے بچوں کی حوالگی کے کیس کی سماعت اٹھارہ دسمبر تک ملتوی کر دی، ہفتے کے روز جب مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو اداکارہ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر بچوں کی علالت کے باعث پیش نہیں ہو پائی تھی، اس موقع پر وینا ملک کی والدہ بھی انکے ہمراہ تھیں ، بعدازاں وینا ملک کے شوہر اسد خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں سے ملنا میرا حق ہے آخر کب تک بیماری جیسے جواز پیش کر کے انہیں مجھ سے دور رکھا جائے گا یہ عورت جھوٹ بول رہی ہے اور میرے بچوں کو خراب کر رہی ہے، دوران گفتگو قریب کھڑی وینا ملک کی والدہ نے کسی بات پر سابق شوہر کو پانی کی بوتل مارنے کیلئے پھینکی تاہم اسد خٹک نے اپنی گفتگو جاری رکھی، جبکہ وینا ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا شخص جس نے ساری عمر عورت کی کمائی کھائی ہو اس کے بارے میں باتیں کر کے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی، یہ مردوں کا پرانا طریقہ ہے کہ جب کچھ نہ بن پائے تو عورتوں کی کردار کشی شروع کر دو، میرا بیٹا اسکی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا کیونکہ وہ بچوں پر بھی تشدد کرتا رہا ہے جس کے تمام ثبوت میرے پاس ہیں، ہم تین چار لوگ کراچی سے سفر کر کے آتے ہیں اور چھ وکلاء بھی ساتھ ہوتے ہیں ہمیں ہر بار ایک ملین روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں جبکہ یہ ایک شخص بچوں سے ملنے کراچی آ سکتا ہےاور نہ ویڈیو پر کال کرنا چاہتا ہے یہ صرف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے سب کچھ کر رہا ہے، اس نے میرے نام پر بہت سارے لوگوں سے پیسے ادھار کھائے ہیں کچھ باعزت لوگوں کے تو میں نے پیسے بھی واپس کئے ہیں، یہ ایک فراڈی شخص ہے ، میں نے بیس جائیدادیں فروخت کر کے بچوں پر پیسے خرچ کئے ہیں اس نے باقاعدہ دو سے تین بار پیسے لیکر بچے مجھے فروخت کئے ہیں تمام ثبوت موجود ہیں کچھ بھی ہو جائے اب مزید پیسے نہیں دوں گی، وینا ملک کی والدہ نے کہا کہ اسد خٹک میری بیٹی کو لوٹ کر کھا گیا ہے یہ اچھا باپ ہے نہ اچھا شوہر ۔