سیالکوٹ واقعہ باعث ندامت ، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شاہ محمود

05 دسمبر ، 2021

لاہور(اپنے نامہ نگار سے،خصوصی رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ باعث ندامت ہے جس کا وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیا ہے اور وہ اس معاملہ کی خودنگرانی کر رہے ہیں اس طرح آرمی چیف کا نقطہ نظر بھی واضح ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے توقع ہے کہ ہم جلد اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ واقعہ کے پیچھے کیا حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے ہائی کمیشن کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں جنہوں نے پاکستان کے موقف اور فوری کارروائی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بارے میں پورے طبقے یا ملک پر انگشت نہیں اٹھائی جا سکتی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اس واقعہ سے سری لنکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہرگز خراب نہیں ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کرے گا،اجلاس 19دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس کا یک نکاتی ایجنڈا افغانستان ہوگا، وہ ہفتہ کے روز گورنر ہاوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے