پی ٹی آئی وفد کی متحدہ بہادر آباد مرکز آمد، APCمیں شرکت کی دعوت

05 دسمبر ، 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی وفد کی متحدہ بہادر آباد مرکز آمد، APCمیں شرکت کی دعوت، خرم شیر زمان کاکہناہےکہ پی پی اپنا میئر لانے کی سازش کر رہی ہے، شہری سندھ کودیہی سندھ کی طرح تباہ وبرباد نہیں ہونے دینگے، عامر خان کاکہناتھاکہ بلدیاتی ایکٹ کیخلاف تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کرشہری سندھ کیلئے اتحاد قائم کریں۔ تفصیلات کےمطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر ورکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی وفد کے ہمراہ رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان و اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات اور پی ٹی آئی کی جانب سے ہونے والی آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے شہری علاقوں کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا، اب بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کرکے شہری سندھ پر ایک اور شب خون مارنے کی تیاری کی جارہی ہے،جب بھی کوئی بل سندھ اسمبلی میں متعصب پرست حکومت لاتی ہے نہ ہی اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کرتی ہے اور نہ ہی اسمبلی میں بل کے حوالے سے بات کرنے کا موقع دیاجاتا ہے،اب اس کالے قانون کے ذریعے میئر کے پاس جو بچے کچے اختیار ہیں وہ بھی سلب کرلئے جائیں گے جس کے بعدسندھ کے شہری علاقوں کو موہنجو داڑو میں تبدیل کردیا جائے گا، اگر سندھ کے شہری علاقوں کو بچانا ہے تو شہری سندھ کی تمام سیاسی جماعتیں جو سندھ کے عوام کا درد رکھتی ہیں انہیں آپس کے اختلافات کو بھلا کرشہری سندھ کی متحد آواز بن کر اتحاد قائم کرنا ہوگااور اگر اب بات اسمبلی میں نہیں سنی جارہی تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے،اگر گرفتار بھی ہونا پڑا تو ہونگے لیکن اس تعصب پرست حکومت سے چھٹکارا حاصل کرے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نئے بلدیاتی ایکٹ اور کرپشن کے پیسوں کے ذریعے اپنا میئر لانے کی سازش کر رہی ہے تاکہ شہری سندھ کو بھی وہ مزید کرپشن کی نذر کرکے سندھ کے دیہی علاقوں کی طرح تباہ وبرباد کرسکے لیکن اب ہم ایسا ہونے نہیں دینگے،ایم کیو ایم کی جانب سے ہونیوالی 11دسمبر کو آل پارٹی کانفرنس میں ہم شرکت کرینگے اور آئندہ کے لائحہ عمل طے کرینگے اور امید کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم بھی ہماری ہونیوالی آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کریگی۔