خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار، آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل

15 اگست ، 2025

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر )پاک فوج کے سربراہ فیلڈمارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ،آزادی و خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا مسئلے کا واحد، منصفانہ اور پائیدار حل ہے، عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔ بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی دکھائی، پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کیا، جو تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری، ولولہ انگیز جذے کی علامت بن چکا ہے ، ہم خطے مین امن، ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، پہلگام واقعے کی پاکستان نے نہ صرف مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیش کی۔دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ۔