عمران خان فیکٹریاں اور جائیدادیں بنانے اقتدار میں نہیں آئے، اسد عمر

05 دسمبر ، 2021

اسلام آبا (جنگ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کا پیسہ اپنی جائیدادیں بنانے پر خرچ کیا اور عوام پر نہیں لگایا، گوالمنڈی والوں کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں،عمران خان فیکٹریاں اور جائیدادیں بنانے اقتدار میں نہیں آئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی 10 میں 10ویں ایونیو کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی جے پی روڈ کو چار رویہ اور سگنل فری بنانے پر کام جاری ہے، اب 10ویں ایونیو کا منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں، کام کی رفتار اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے تین مراحل میں کام شروع کیا جا رہا ہے جسے 18 ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا، اس وقت تک مارگلہ ایونیو سے سنگجانی منصوبہ اور آئی جے پی روڈ کو چار رویہ اور سگنل فری بنانے کا منصوبہ بھی مکمل ہو چکا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیکٹر آئی 10 کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت کا تھا جسے علی نواز اعوان نے اجاگر کیا اور ہم راول لیک سے اسلام آباد کو اس کا جائز پانی کا حصہ دلوانے میں کامیاب ہوئے جس سے آئی 10 میں پانی کی قلت کے مسئلہ پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، اسی طرح پونا فقیراں کے ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی نہیں آتی تھی جس کیلئے ایک مختص لائن بچھائی جا رہی ہے جس سے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا اور 150 نئے ٹیوب ویلز بھی لگائے جا رہے ہیں جن میں سے 100 کے قریب نصب کئے جا چکے ہیں باقی ماندہ پر کام جاری ہے، اس سے شہر کی فراہمی آب کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔