اڈیالہ جیل میں عمران خان سے پارٹی رہنمائوں کی ملاقات نہ ہوسکی

15 اگست ، 2025

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )ملاقات کے دن کے باوجود تحریک انصاف کے رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی‘پی ٹی آئی راولپنڈی کے رہنما زبیر خان کاکہناتھاکہ 14اگست کے دن بھی قدغن لگائی گئی ‘ ہمیں اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاکر محمود اعوان، شفیع اللہ خان، مرتضیٰ حسین طور اور محمد فیصل خان داہگل ناکے پہنچے لیکن راولپنڈی پولیس نے انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی اور تمام رہنما داہگل ناکے سے واپس روانہ ہوگئے۔ زبیر خان کو بھی پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر آگے جانے سے روک دیا وہ داہگل ناکے سے واپس ہوگئے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر خان نے بتایا کہ آج 14 اگست ہے، آزادی کے دن بھی قدغن لگائی گئی ، ہمیں اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔آزادی کے دن جیل جانے سے روک دیا گیا، راستہ بند کردیا گیا ، اصل آزادی اس دن ہوگی جب بانی پی ٹی آئی رہا ہوں گے۔