کے پی کے، 7 اضلاع کے پولیس اسٹیشنوں پر دستی بم حملے، 7 اہلکار شہید

15 اگست ، 2025

پشاور ( جنگ نیوز) خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع میں پولیس اسٹیشنوں پر دستی بم حملے، 7 اہلکار شہیدہوگئے۔دہشت گردوں کے پختونخوا پولیس پر 13 حملوں میں 7اہلکار شہید ، 9زخمی ہوگئے۔ فائرنگ اور دستی بم حملے افغانستان کی سرحد سے متصل سات اضلاع میں پولیس اسٹیشنز، ناکوں اور گشتی پارٹیوں پر کیے گئے ۔ جن کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کرلی۔آئی جی پولیس کا کہنا ہے حملے یومِ آزادی پر منصوبہ بندی سے کیے گئے۔ ہم نے نو یا دس واقعات میں دہشت گردوں کو پسپا کیا، 2میں نقصان اٹھانا پڑا۔ — پاکستان کے شمال مغرب میں شدت پسندوں نے رات گئے پولیس پر 13 فائرنگ اور دستی بم حملے کیے جن میں 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ۔پولیس افسر محمد علی باباخیل کے مطابق یہ حملے صوبہ خیبر پختونخوا کے سات اضلاع میں پولیس اسٹیشنز، ناکوں اور گشتی پارٹیوں پر کیے گئے، جو افغانستان کی سرحد سے متصل ہے۔ یہ حملے اس وقت ہوئے جب ملک اپنی 78ویں یومِ آزادی کی تقریبات منا رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بعض حملوں میں شدت پسندوں نے راکٹ لانچر بھی استعمال کیے۔ ان حملوں میں 9 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔