وزیراعظم کا زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ ؛تعمیر میں سست رفتاری پر اظہار برہمی

15 اگست ، 2025

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روزاسلام آباد میں زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا۔وزیراعظم نےٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میںسست رفتاری پر اظہار برہمی کیاوزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ  نے کہا کہITپارک کا مقصد  نوجوانوں کیلئے نوکریاں، معاشی نمو ، عالمی IT مسابقت  بڑھانا، ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا ہے  ۔وزیراعظم نے آئی ٹی پارک کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نےہدایت دی کہ اس منصوبے کو ابتدائی ہدایت کے مطابق بتائی گئی مدت میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے میں عالمی معیار کے مطابق سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ذمہ داران اس منصوبے کی تکمیل کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں۔وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کی جانب سے وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایاگیا کہ آئی ٹی پارک، 2 زیر زمین ، گراؤنڈ، اور 9 بالائی منزلوں پر مشتمل ہے۔ پارک میں دفاتر، انکیوبیشن سینٹر، بزنس سپورٹ سینٹر، R&D لیباٹریاں، لیول III ڈیٹا سینٹر، آڈیٹوریم، اور 1,200 گاڑیوں کی پارکنگ شامل ہیں۔آئی ٹی پارک کا مقصد نوجوانوں کیلئے نوکریاں، معاشی نمو کو بڑھانا، عالمی IT مسابقت کو بڑھانا، اور ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا ہے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ ‘ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال ‘ وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ‘ سیکرٹری آ ئی ٹی ضرار ہاشم خا ن بھی موجود تھے۔