پشاور، بونیر، با جو ڑ ،سوا ت ، لوئردیر، سو ات ، بٹگر ام ،شانگلہ، مانسہرہ ،،مظفرآبا د، آٹھمقام (نمائندگان جنگ، نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں نے تباہی مچادی ، بارشوں، بادل پھٹنے، سیلاب اور آسمانی بجلی کے گرنے کے واقعات میں تقریباً 300افراد جاں بحق اور سیکڑوں لاپتہ ہوگئے، باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹرحادثے کا شکارہوکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹس سمیت 5افراد شہید ہوگئے،درجنوں مکانات منہدم، طلبہ، بچے اور خواتین بھی سیلابی ریلوں کی نذر،کئی گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، رابطہ پل اور سڑکیں تباہ ہوگئیں، محکمہ موسمیات نےخیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کاانتباہ جاری کردیا، بونیر، باجوڑ، بٹگرام اورمانسہرہ آفت زدہ قرار، امدادی کارروائیاں جاری، وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخوا میں بھرپور امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے آج صوبے میں یوم سوگ کا اعلان کردیا ، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد 214 سے تجاوز کرگئی ہے،پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا، بونیر کے 12 سے زیادہ دیہات کلاؤڈ برسٹ سے شدید متاثر ہوئے، جہاں اموات کی تعداد 213 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 60افراد زخمی ہوئے ہیں۔مانسہرہ میں بارشوں سے 20اموات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث ضلع بھر میں کلائوڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے نتیجے میں علاقہ بٹل کا6 گھروں پر مشتمل گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گیا،دو خواتین، ایک بچے سمیت 15افراد جا ں بحق جبکہ 30سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔گلگت بلتستان میں سیلابی ریلوں سے مختلف وادیوں میں تباہی پھیل گئی، جس میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔چلاس میں فصلیں، مکانات، باغات، رابطہ پل، واٹر چینل تباہ ہوگئے۔آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلے دریا پر بنے 6 رابطہ پل بہا لے گئے، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے،سیلاب سے متاثرہ سوات اور باجوڑ میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔مقامی افراد، ریسکیو اہلکار، ریونیو عملہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے باعث مختلف حادثات میں 250 افراد جاں بحق ہوگئے۔پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور فلش فلڈ سے مختلف اضلاع میں نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں مختلف حادثات میں اب تک 214 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 126 مرد،8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 12 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ جبکہ سیلاب سے 45 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات کے نتیجے میں 35 گھر وں کو نقصان پہنچا،45 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 28 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں بہہ کر 78 افراد جاں بحق ہوگئے، پہاڑی علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے، پانی کی سطح کم ہورہی ہے، اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، بونیر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ،سوات، بونیر اور شانگلہ کے اضلاع میں پیش آئے، سب سے زیادہ نقصان ضلع باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہیں۔باجوڑضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں آسمانی بجلی گرنے اور بادل پھٹنے سے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث 21 افرادجاں بحق ہوگئے، جن میں سے 18 کی لاشیں برآمد ہوگئیں، 3 افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے، ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی کے مطابق جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حادثے میں 4 مکان تباہ ہوگئے،امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پہاڑی تودہ گرنے سے راستے بند ہوگئے تھے جنہیں پیدل مسافت سے عبور کیا گیا، ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں، فرنٹیئر کور نارتھ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین کے لیے خیمے اور دیگر ضروری سامان پہنچایا۔دریں اثنا، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس میں رکن صوبائی اسمبلی انورزیب خان،ڈپٹی کمشنرشاہد علی،اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی، قبائلی عمائدین اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقہ جبراڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بھاری پہاڑی پتھروں کی زد میں آکر 7 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، ملبے تلے دب کر 10 جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے، سوات میں مینگورہ شہر، تحصیل چارباغ، خوازہ خیلہ، مدین، کبل، بریکوٹ، مینگورہ خوڑ اور ہزارہ خوڑسمیت دیگر مقامات میں طغیانی اور سیلابی صورتحال رہی۔سوات میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے یخ تنگے بیش بنڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو مکانات تباہ ہوئے، جن میں موجود آٹھ افراد ریلے میں بہہ گئے۔ پانچ کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ تین کی تلاش جاری ہے۔مینگورہ میں خاتون اور تین بچے، رحیم آباد اور مدین میں ایک ایک شخص، جبکہ بہا میں تودہ گرنے سے ایک شخص جان سے گیا۔ سیلاب سے 26 مکانات مکمل طور پر تباہ، دو اسکول بہہ گئے اور پانی سیکڑوں گھروں، مارکیٹوں اور سڑکوں میں داخل ہوگیا۔ درجنوں گاڑیاں تباہ جبکہ تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ریسکیو ترجمان کے مطابق 2071 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سوات کے بالائی علاقوں میں رات کو بارش کے بعد مساجد سے اعلانات پر گھروں کو خالی کروالیا گیا، جس سے جانی نقصان کم ہوا۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے ۔جبکہ مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کے سبب لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے باجوڑ کی صورتحال کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر روانہ کردیا گیا۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں کیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کریں، وزیراعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ خصوصا دیر اور سوات کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں جاری بارشوں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ رہے، بٹگرام اور مانسہرہ کے سرحدی گاؤں نیل بند میں بادل پھٹنے کا واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 3 بجے پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 سے 4 گھر بہہ گئے۔بٹگرام میں آسمانی بجلی اور بادل پھٹنے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، 25افراد سیلابی ریلہ میں بہہ گئے،7 افراد کی نعشیں نکال لی گئیںاسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم خان نے بھی تصدیق کی ہےکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے۔اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام محمد سلیم خان نےبات کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور ریونیو عملہ ملکال گلی پہنچ چکا ہے، جہاں سے 10 لاشیں برآمد کی گئی ہیں جن میں 6 مرد، 2 خواتین اور ایک بچی شامل ہیں۔وی سی ملکال گلی کے مقامی شخص نور قدیم شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ دیہاتیوں نے دودھ پتی اور تھوہر کے علاقوں سے 9 لاشیں نکالیں، جبکہ تقریباً 20 افراد تاحال لاپتا ہیں۔سیلابی ریلے سے شملائی مندروالی کے مقام پر اب تک 10 لاشیں ندی سے برآمد کر لی گئی ہیں، شانگلہ میں سیلابی ریلیوں اور آسمانی بجلیاں گرنے سے تباہی مچ گئی،20 سے زائد افراد بہہ گئے جبکہ کئی لاپتا ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد بھی شامل ہیں۔شدیدسیلاب سے مکانات، دکانیں، قبرستان اور گاڑیاں متاثر ہوئے۔ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں چھ سے زائد گاڑیاں سیلابی ریلے کے نظر ہو گئے۔ مین شاہراہیں بھی شدید متاثر ہو گئی الپوری تا بشام مین شاہراہ دو مقامات پر سیلابی ریلے کے نذر ہو گیا۔۔ادھر مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، ریسکیو1122 کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی غوطہ خور ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ ہوئی۔گاڑی میں 6 افراد سوار تھے جن میں سے 3 کو موقع پر زندہ بچا لیا گیا تاہم 2 افراد 30 سالہ میر اور 25 سالہ اسد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔مانسہرہ میں بٹل پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں ڈھیری حلیم میں 15 مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر تباہ ہوگئےجس کے نتیجے میں 35 افراد ملبے تلے دب گئے۔ دیر لوئر کے علاقے میدان سوری پاؤ میں مکان کی چھت گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت کئی افراد ملبے تلے دب گئے ، ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو ٹیم شدید بارش، سیلابی ریلوں دشوار گزار اور خراب راستے کے باجود 3 گھنٹے کا راستہ پیدل طے کرتے ہوئے جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ریسکیو 1122 اور مقامی لوگوں نے اب تک 7 افراد کو ملبے تلے سے نکالا، جن میں سے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
راولپنڈی عمران خان اور بشریٰ بی بی میں ملاقات کروادی گئی ،جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور ان...
راولپنڈی 4رکنی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان کاطبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی ۔ جیل...
اسلام آ باد وزیراعظم شہبازشریف 23 سے 25 مئی تک چین کا دورہ کریں گے۔ دورے کےدوران چین کے صدر شی جن پنگ اورچینی...
کراچی چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا کی بھارت کو مضبوط بنانے کی کوششیں، واشنگٹن اور نیو دہلی...
کراچی امریکہ اور ایران میں بڑھتی کشیدگی، نئی جنگ کا خطرہ منڈلانے لگا۔ دونوں فریق وقت کو اپنے حق میں سمجھتے...
کراچی ناروےمیں خاتون صحافی نے نریندر مودی کو بھرے مجمع میں آئینہ دکھادیا،مودی آزاد میڈیا کے سوالوں سے...
اسلام آبادایف بی آر کے ماتحت تمام فیلڈدفاتر ایل ٹی اوز، ایم ٹی اوز، سی ٹی اوز، اور آر ٹی اوز ہفتہ اور...
اسلام آباد روس نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ اہم...