واٹر فلٹریشن پلانٹ منصوبہ30جون 2026کوہرصورت مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ مریم نواز،5روزہ سرکاری دورہ پر جاپان روانہ

16 اگست ، 2025

لاہور ( جنرل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور دیگر ترقیاتی امور کا جائزہلیا گیا،وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ منصوبہ 30جون 2026ء تک ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ کواجلاس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی گئی۔ اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دور دراز علاقوں کے لئے واٹر پمپ لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے حوالے سے 30جون 2026ء کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سٹریٹس کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے پر زور دیا ہے اور بعض پراجیکٹ کی تکمیل بروقت نہ ہونے پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہر شہر میں بیوٹیفکیشن کے 122منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ لاہور ڈویژن میں 51،راولپنڈی میں 64، فیصل آبادمیں 37، ملتان میں بیوٹیفکیشن کے 75منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ سرگودھا45، گوجرانوالہ 64،ڈی جی خان 51،بہاولپور 61، گجرات 53 اور ساہیوال میں 49منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے لئے باقاعدہ سسٹم وضع کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن اور تعمیراتی معیار کو مد نظر رکھنابے حد ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایک اور اعزاز، جاپان گورنمنٹ نے سرکاری دورہ کی خصوصی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ جاپان کے 5 روزہ سرکاری دورہ پر جاپان کے لئے روانہ ہوگئیں۔ لاہور ائیر پورٹ پر اعلی حکام نے وزیر اعلیٰ اور وفد کو رخصت کیا۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ملک صہیب بھرتھ، ذیشان رفیق،معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی وفد میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم سرکاری طور پر جاپان کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں۔ وزیر اعلیٰ ٹوکیو، اوساکا اور یاکوہوما کے دورے کریں گی۔ وزیر اعلیٰ اوساکا میں ورلڈ ایکسپو میں شرکت کریں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم جاپان کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی کرینگی۔ وزیراعلیٰ مریم کے دورہ میں مختلف جاپانی اداروں کے وزٹ بھی شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ٹیلی فون کیا اور خیبرپختونخوا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور ہیلی کاپٹرحادثے میں شہادتوں پرتعزیت بھی کی۔مریم نواز کا کہنا تھاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کی مدد کےلیےتیارہیں۔ان کا کہنا تھاکہ اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔مریم نواز نے نواز شریف کی طرف سے بھی تعزیت کی۔اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کا فون کرنے اور تعزیت پر شکریہ ادا کیا۔ علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کی مدد کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں گھریلو تشدد کا شکار خاتون قتل کا نوٹس لے لیا، حنا پرویز بٹ نے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں دل دہلا دینے والے واقعہ میں 37 سالہ خاتون، تین بچوں کی ماں، کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم اس وقت مظفرگڑھ پولیس کی تحویل میں ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین پر گھریلو تشدد ناقابلِ برداشت ہے، ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "خواتین کے لیے محفوظ پنجاب" حکومت پنجاب کا عزم ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جائے گی۔وزیراعلی نے باجوڑ میں ریسکیو سرگرمیوں پرمامور ہیلی کاپٹر کریش ہونے سے 5افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گلگت بلتستان، بونیر اور دیگر علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور مختلف واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بچوں اور خواتین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں اہل پنجاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔