85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے ایل سیز قائم

16 اگست ، 2025

اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں چینی کی طلب پوری کرنے اور قیمتوں میں استحکام کے پیش نظر 85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے سوکار (SOCAR) کے ذریعے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) قائم کر دیئے گئے۔پہلی کھیپ آئندہ چند ہفتوں میں بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے منصوبے کے تحت درآمدی چینی کو اوپن مارکیٹ میں رعایتی نرخوں پر عوام تک پہنچایا جائیگا۔  یہ تمام ایل سیز باضابطہ طور پر کھولے اور متعلقہ بینکوں کے ذریعے ترسیل کر دی گئی ہیں۔ وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سوکار کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تحت چینی کی یہ کھیپ مرحلہ وار پاکستان پہنچائی جائیگی۔ حکومت نے یہ اقدام اندرون ملک چینی کے ذخائر میں اضافے اور مستقبل میں کسی ممکنہ قلت یا قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھائو سے بچائو کیلئے کیا ہے۔ 85 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد سے مارکیٹ میں سپلائی کا تسلسل برقرار رہے گا۔ درآمدی چینی معیار کے عالمی تقاضوں پر پورا اترنے اور مقررہ مدت میں پاکستان پہنچنے کو یقینی بنایا جائیگا۔