46غیرقانونی شکاری گرفتارلاکھوں روپے معاوضہ وصول

05 دسمبر ، 2021

لاہور (نیوزرپورٹر)محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب نے غیر قانونی شکاریوںکیخلاف صوبہ بھر میں جاری کریک ڈائون کا دائرہ ہوٹلوں اور ریستوران تک بڑھا دیا 46 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے اُن سے چار لاکھ چالیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں وصول کر لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ٹوبہ ٹیک سنگھ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مقامی پولیس کے تعاون سے پیرمحل موٹروے انٹر چینج پر اچانک چھاپے کے دوران ایک نجی ریستوران سے زندہ تیتر ،مرغابیاں اور جنگلی کبوتر برآمد کرکے 02افراد کو گرفتارکیا ۔ سسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف اوکاڑ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ حویلی لکھا اور دیپالپورسے جنگلی طوطوں اور بٹیر کے غیرقانونی شکار میں ملوث22 شکاریوں کو گرفتارکرکے انہیں مجموعی طورپرمبلغ 01لاکھ 29ہزار روپیہ جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولنگر منور حسین نجمی نے جنگلی طوطوں اور مرغابی کے شکار میں ملوث05غیرقانونی شکاریوں کو گرفتار کرکے 90ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف لیہ اسد اللہ خان لغاری نے تحصیل چوبارہ سے جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار میں ملوث 07افراد کوگرفتارکرکے تھانہ چوبارہ کی حوالات میں بند کردیااور ازاں بعد کیس کمپائونڈ ہونے پرمبلغ 70 ہزار روپے جُرمانہ کیا اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نارووال رانا زاہد پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان رینجرز کی مدد سے بارڈر بیلٹ ایریا شکر گڑھ سے کُتوں کی مدد سے سئور کے غیر قانونی شکار میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کر کے اُنہیں 55ہزار روپے جُرمانہ کیانیز گزشتہ دنوںظفروال کے علاقے میں بھٹکی پاڑہ ہرن کو آبادی سے پکڑ کر ذبح کرکے گوشت تقسیم کرنے والے 06افراد کو مقامی پولیس کے تعاون سے گرفتار کر کے اُن سے60 ہزار روپے محکمانہ مُعاوضہ کی مدمیںوصول کرلئے گئے۔