کمشنرکاشادباغ کےصفائی کیمپ کومستقل قائم رکھنے کاحکم

05 دسمبر ، 2021

لاہور (خصوصی رپورٹر)کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے گزشتہ روز شادباغ گول باغ چوک اور گردو نواح کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے شادباغ گول باغ کے علاقے میں صفائی کیمپ کو مستقل قائم رکھنے کا حکم دیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ صفائی امور پر شہریوں کو آگاہی دی جائے تاکہ وہ بھی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ دن میں ایک مرتبہ سے زائد صفائی آپریشن کریں۔ شاد باغ علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے شکایات اندراج رجسٹر کو شہریوں سے چھپانے کی ضرورت نہیں ہے کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ شکایات رجسٹر سے تمام شہریوں کی شکایت کا ازالہ و ان کو مطمئن کرنے میں معاونت ملے گی اور اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ کمشنر لاہور نے علاقے میں جاری صفائی آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا کمشنر لاہور نے گلیوں میں جاکر اہل علاقہ سے ڈینگی سرگرمیوں بارے استفسار کیا۔شکایات بھی سنیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری انسداد ڈینگی میں حکومتی کاوشوں میں مدد کریں۔خواتین ٹیموں سے تعاون کریں۔دورے کے دوران کمشنر لاہور کے ہمراہ ایل ڈبلیوایم سی، ہیلتھ و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے انسداد ڈینگی سرویلنس پر مامور ٹیموں کو ملنے والے لاروا کو بھی چیک کیا۔