کراچی میں اربن فلڈنگ، 9 ہلاک، خواتین سمیت ہزاروں شہری سڑکوں پر پھنس گئے، بدترین ٹریفک جام، بجلی غائب، ایمرجنسی نافذ

20 اگست ، 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں طوفانی بارش ‘شہرجل تھل‘ سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ‘بدترین ٹریفک جام ‘ خواتین سمیت ہزاروں افرادپھنس گئے ‘ اربن فلڈنگ کی صورتحال ‘نظام زندگی مفلوج ‘شہرمیں رین ایمرجنسی نافذ‘ کرنٹ لگنے ‘دیواریں گرنے اور دیگرحادثات میں دو بچوں اور دو خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ‘ متعدد زخمی‘پانی گھروں میں داخل ‘ بجلی غائب‘ 900 سے زائد فیڈر ٹرپ ‘شہرکا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔شہری انتظامیہ غائب ‘ آئندہ 3روز کے دوران درمیانی و موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی‘محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں منگل کے مقابلے میں آج بدھ کو زیادہ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کورنگی میں 205 ، گلشن رومی 202، گلشن حدید 200، ماڈل کالونی 180 اور طارق بن زیاد میں 169.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔