مقبوضہ کشمیر معزور افراد کے بھارت کیخلاف مظا ہرے ، بھارتی فوج کی لاش بر آ مد

05 دسمبر ، 2021

جموں/سرینگر(ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں جسمانی طور پر معذور افراد نے اپنے مطالبات پر غور نہ کرنے پر قابض بھارتی حکام کے خلاف جموں اور سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے۔جبکہ سرینگر کی بادامی باغ فوجی چھائونی میں ایک بھارتی فوجی پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔ادھربا رہمولہ میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 3 رہائشی مکان جل گئے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جسمانی طور پر معذور افراد نے اپنے مطالبات پر غور نہ کرنے پر قابض بھارتی حکام کے خلاف جموں اور سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں میں پریس کلب کے باہر جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن (جے کے ایچ اے) اور جموںوکشمیر ہینڈی کیپڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (جے کے ایچ ڈبلیو اے) کے بینر تلے جمع ہونے والے خصوصی افراد نے اپنی ماہانہ پنشن کو 1000 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے کرنے ،اپنے لیے خصوصی بھرتی مہم شروع کرنے اور کم سود پر قرضے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔جسمانی طور پر معذور افراد نے سرینگر میں جموںوکشمیر ہینڈی کیپڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینر تلے پریس انکلیو میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے حکام سے اپیل کی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ان کے مطالبات کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کریں گے۔جے کے ایچ اے کے صدر عبدالرشید بٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جسمانی طور پر معذور افراد کے لیے آئے روز نئے قوانین بنائے جاتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کام کیا جاتا ہے لیکن بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اس کے برعکس ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام گزشتہ چند سالوں کے دوران ان کیلئے کسی بھی فلاحی اقدام کو نافذ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔گونگے اور بہرے ایسوسی ایشن کے ارکان نے سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا تاکہ حکام کی طرف سے انہیں زندہ رہنے کے لیے درکار بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا جا سکے۔ پلے کارڈ اٹھائے گونگے بہرے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں پریس انکلیوسری نگر میں نمودار ہوئے اور پر امن احتجاج کیا۔ ان کی طرف سے بات کرنے والی ایک خاتون نے صحافیوں کو بتایا کہ کشمیر میں ان کے لیے صرف ایک سکول ہے اور وہ تمام سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نوکریوں میں کوئی ترجیح نہیں دی جاتی اور نہ ہی وہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے اہل ہیں جبکہ سرینگر کی بادامی باغ فوجی چھائونی میں ایک بھارتی فوجی پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی کی شناخت انوج سنگھ کے نام سے ہوئی جو بھارتی ریاست بہار کا رہائشی تھا۔ وہ بادامی باغ چھاؤنی کے ایک سٹور روم میں مردہ پایا گیا۔ادھرضلع بارہمولہ میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 3 رہائشی مکان جل گئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ آگ ضلع کے ایک گائوں میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک عمارت میں لگی اور جلد ہی ملحقہ دو دیگر مکانات میں پھیل گئی۔ متاثرہ خاندانوں میں تین بھائی لال الدین کھٹانہ، مہراج دین کھٹانہ اور محمد یعقوب کھٹانہ شامل ہیں۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ بروقت اطلاع دینے کے باوجود علاقے میں سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے فائر سروس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکی۔