اے سی آر سی اجلاس ، ڈمی اشاعتوںکی نشاندہی اور میڈیا لسٹ سے ہٹانےکیلئے طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ

05 دسمبر ، 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)اشتہارات کی شکایات کے ازالے کی کمیٹی (اے سی آر سی) کا پہلا اجلاس گزشتہ روزکو منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈمی اشاعتوں کی نشاندہی کرنے اور پھر انہیں مرکزی میڈیا کی فہرست ( سی ایم ایل) سے ہٹانے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔غوروخوض کے دوران یہ بات بھی مشاہدے میں آئی کہ چند ڈمی پبلی کیشنز نے کمیٹی کے کام شروع کرنے سے پہلے ہی شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کمیٹی میڈیا کے نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ باقاعدہ اشاعتوں کو یقینی بنایا جائے ۔کمیٹی نے ابتدائی مسودے کو حتمی شکل دی اور اسے عام کرنے سے پہلے مزید غور و خوض کے لیے اراکین کے ساتھ شیئر کیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےڈی جی پی آئی ڈی لاہور شفقت عباس نے کہا کہ قومی اور علاقائی اخبارات کے شکایت کنندگان کی شکایات کے ازالے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔قاعدے کی شرائط (ٹی او آرز) کا مسودہ بھی تیار کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ شکایات مقررہ طریقہ کارکے ذریعے درج کی جائیں گی جو آن لائن دستیاب ہو گا۔اجلاس میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان فیڈریشن آف یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، کالم نگاروں، نامور صحافیوں اور دیگر صحافتی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈورٹائزمنٹ اسلام آباد نے ذاتی طور پر شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی کراچی اور پشاور کے علاوہ ڈائریکٹر ہوم پبلسٹی اسلام آباد نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔