سائنس و ٹیکنالوجی کے پہلے خصوصی اقتصادی زون میں تعمیراتی کام کاآغاز

05 دسمبر ، 2021

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ،اےپی پی) نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی نیشنل اکنامک زون کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں دو منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے پہلے خصوصی اقتصادی زون میں تعمیراتی کام بھی شروع ہوگیا ہے، این ایس ٹی پی دو کمپنیوں باٹو پاکستان اور اطہر ٹیکنالوجی کیساتھ ملکر 20 ملین جبکہ یو اے ای کی کمپنی ریپڈیو دفاع اور الیکٹرانک ٹیکنالوجی میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریگی ، نیشنل سائنس وٹیکنالوجی پارک نسٹ یونیورسٹی میں قائم کیا گیا اور اسکو نیشنل اکنامک زون کا درجہ دیاگیا، این ایس ٹی پی کے آغاز کے بعد پہلی دونوں کمپنیوں کوایس ای زیڈ میں کام کرنے کی باقاعدہ اجازت دیدی گئی ہے جبکہ متعدد نئی کمپنیاں بھی جلدکام کا آغاز کردیں گی، سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلے خصوصی اقتصادی زون میں تعمیراتی کام کے حوالے سے این ایس ٹی پی کی ایس ای زیڈ کمیٹی کا اجلاس 3دسمبر کو ہوا جس میں دو درخواست دہندگان کو جدید خطوط پر استوار کئے گئے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں جگہ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی، نسٹ کے پروریکٹر(آر آئی سی) ایئروائس مارشل ڈاکٹررضوان ریاض اوراین ایس ٹی پی کے نائب صدر نے اجلاس کی صدارت کی، ایس ای زیڈ کا درجہ ملنے کے بعد کمپنیوں کو امپورٹ ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹی سمیت دیگر ٹیکسز میں مراعات حاصل ہونگی، کمپنیاں قومی اورعلاقائی سطح پرترقی کی مثال بنیں گی جس سے عوام کی سماجی و معاشی ماحول کی ترقی سے ٹیکنالوجیز کی پیداوارمیں تیزی آئیگی اور پاکستان کے گلوبل انوویشن انڈیکس میں بہتری میں مدد ملے گی، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین وزیرمملکت اظفراحسن نے کہاہے کہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی بنیاد پر ہائی ٹیک انڈسٹری کا قیام وقت کی ضرورت ہے جس سے پاکستان میں صنعتی شعبہ کی بنیاد کے استحکام میں مدد ملے گی اور خطے کے ممالک میں پاکستان منفرد مقام حاصل کریگا،ایس ای زیڈز کی پالیسی ملک میں صنعتی شعبہ کے بنیادی ڈھانچہ میں سرمایہ کاری پرمبنی ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایجادات کے فروغ کو یقینی بنانا ہے، سرمایہ کاری بورڈ کی سیکرٹری فارینہ مظہر نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار این ایس ٹی پی کے تحت ایس ای زیڈز میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی اور دستیاب سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں،این ایس ٹی پی کا خصوصی اقتصادی زون قائم ہوچکا ہے اور کام کررہا ہے جس میں آر این ڈی کے تحت کاروباری ماڈلز میں مزید کئی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں ، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے صنعتی شعبہ کے انقلاب میں مدد ملے گی، سرمایہ کاری بورڈ این ایس ٹی پی کے تحت پہلے ہائی ٹیک ایس ای زیڈ کے حوالے سے ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کریگا۔