وزیراعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیز کی جائیدادوں پر قبضہ کرنیوالے مافیا کا قلع قمع کردیا، طارق محمود الحسن

05 دسمبر ، 2021

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن (پی او پی سی) کے وائس چیئرمین سید طارق محمود الحسن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اثاثوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کا قلع قمع کر دیا ہے۔پاکستان ہائی کمیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ تین برسوں میں بلا خوف و خطر کام کرنے والی اس مافیا سے نمٹنے کیلئے سخت محنت کی، جس نے اوورسیز پاکستاننیز، خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں چوری کرنے کو اپنا پیشہ بنا رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیر (خصوصاً برطانیہ سے تعلق رکھنے والوں) کی شکایت میں کمی آئی ہے اور شکایت کنندگان کے اطمینان کے مطابق ہزاروں کیسز کے بیک لاگ کو کلیئر کر دیا گیا۔ سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی متعارف کرائی ہے۔انہوں نےکہا کہ جلد ہی 80 ملکوں کے اوورسیز پاکستانیز کا ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا، جس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکت کریں گے اور ان کی کامیابیوں کا جشن منایا جائے گا۔ اس کنونشن میں اوورسیز پاکستانیز کو پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات اور موجودہ پروجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور او پی سی کی اپنی انتھک کوششوں کو شیئر کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی اس کنونشن میں شرکت کریں گے۔