وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی زیر صدارت گندم بوائی کا جائزہ اجلاس

05 دسمبر ، 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈریسرچ سید فخر امام کی زیر صدارت تمام صوبوں کی گندم کی بوائی و پیداواری اہداف کا ویڈیو لنک جائزہ اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا کہ وفاقی حکومت زرعی مداخل کی مقرر کردہ کوٹہ کے مطابق صوبوں کو سپلائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں تا حال مجموعی طور پر گندم کی بوائی کا 95فیصد ہدف مکمل ہو چکا ہے۔اس کے علاوہ گندم کی بوائی کے پیداواری اہداف کی تکمیل کے لیے زرعی یونیورسٹیز میں زیر تعلیم 20ہزار طلبا ء بھی فیلڈ میں کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل کمیٹی آن ایگریکلچر نے پنجاب کے لیے 16.2ملین ایکڑ ہدف مقرر کیا تھا جبکہ ہم نے اسے بڑھا کر 16.7ملین ایکڑ کیا ہے۔