سانحہ سیالکوٹ : قوم شرمندہ ، مجرم انسان نہیں درندے ، عبرتناک سزا دینگے ، وزیراعلیٰ بزدار

05 دسمبر ، 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ سانحہ سیالکوٹ پر پوری قوم شرمندہ ہے ،مجرم انسان نہیں درندے ہیں ، عبرتناک سزا دلوائینگے،ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کوجلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے اور اس دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے۔ ذمہ دار عناصر انسان کہلانے کے حقدار نہیں - ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔درندگی کامظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی- دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں سری لنکا کی حکومت اور عوام خصوصاً جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے سری لنکا کے عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں - افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔بربریت کے اس واقعہ سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے-حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی- انہوں نے کہاکہ ذمہ داروں کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے-ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے۔وطن عزیز میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب،نسل یاطبقے سے ہو۔ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ملتان میں انتظامیہ نے جنرل بس سٹینڈ پر”احساس بازار“ قائم کر دیا جہاں غریب افراد کو گرم کپڑے، جرسیاں،سوئٹر،جیکٹس اورجوتے کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیاہے- ”احساس بازار“ میں مستحق افراد کی سہولت کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیاہے- وزیراعلیٰ عثمان بزارنے ”احساس بازار“ جیسے فلاحی اقدام کا دائرہ کار دیگر شہروں میں بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ”احساس بازار“ کا قیام مستحق افراد کی مدد کے لئے احسن اقدام ہے- علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے قدرتی آفات میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی مددکرتے ہیں۔ انسانی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنیوالے امدادی کارکنان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کر تے ہیں ۔