ناظمین الیکشن کے سوا بلدیاتی انتخابات EVM پر ممکن نہیں ، شبلی

05 دسمبر ، 2021

اسلام آباد (انصار عباسی) وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر نہیں ہو سکتے۔ دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور نہ ہی دنیا میں دستیاب مشینیں ایسے انتخابات کے انعقاد کیلئے کارآمد ہیں جیسے الیکشن ہمارے یہاں پاکستان میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں صرف براہِ راست تحصیل ناظم یا ضلع ناظم کے الیکشن کیلئے استعمال کی جا سکتی ہیں جس کیلئے امیدواروں کا ایک ہی پینل ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں مختلف نشستوں پر امیدواروں کے مختلف پینل ہوتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ایسے انتخابات کے انعقاد کیلئے نہیں بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کریں گے جنہوں نے حال ہی میں فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ہوں گے۔