سکھر ملتان موٹروے ایم فائیو پر کچے کے ڈاکوئوں کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ ،10افراد اخمی

05 ستمبر ، 2025

رحیم یارخان،صادق آباد(سٹی رپورٹر،نامہ نگار)کچہ کے ڈاکوؤں کا موٹروے ایم فائیوپر گاڑیوں پر دھاوا،10افراد کواغواکرلیا‘ فائرنگ کی زدمیں آکر تین افرادشدیدزخمی‘ رات کے گئے موٹروے ایم فائیو پرگاڑیوں کی آمدورفت معطل‘ سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں‘تفصیل کے مطابق گزشتہ شب انڈھڑگینگ کے 20سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے موٹروے ایم فائیو انٹرچنیج کے نزدیک اچانک دھاوا بول کرسندھ اورپنجاب کی جانب رواں دواں گاڑیوں پراندھادھندفائرنگ کی جس کے نتیجہ میں موٹروے ایم فائیوپربھگدڑمچ گئی‘ بیشترگاڑیوں میں سوار مسافر ڈرائیورہیلپرجان بچانے کیلئے گاڑیاں چھوڑکربھاگ نکلے جبکہ تین مسافرتلہ گنگ کارہائشی32سالہ قلب عباس‘ مریدکے کارہائشی30سالہ فرخ عباس اورمردان کارہائشی زبیرزخمی ہوگئے جبکہ مسلح ڈاکوؤں نے مسافروں‘ ڈرائیوروں نوابشاہ کے رہائشی عمرفاروق‘ محمدعمران‘ بہاولپورکے رہائشی عبدالمجید‘ ڈرائیورراحیل‘ میانوالی کے رہائشی علی حسن‘ ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی منیراحمد‘ قمرپتافی‘ عنایت اللہ پتافی‘ کندھ کوٹ سندھ کے رہائشی علی حسن اور شوکت کو اغواءکرکے کچہ کے علاقہ کی جانب فرارہوگئے ۔فائرنگ سے زخمی ہونے والے قلب عباس‘ فرخ عباس اور زبیرکوطبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا‘ ڈاکوؤں کی جانب سے موٹروے ایم فائیوپرفائرنگ اوراغواءکی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے دونوں اطراف ٹریفک فوری طورپر روک دیا جس سے سڑک کے دونوں اطراف لمبی لائنیں لگ گئیں‘واضح رہے کہ دوروز قبل رحیم یارخان پولیس نے کچہ رونتی کے علاقہ میں انڈھڑگینگ کی مکین گاہوں پرڈرون حملے کیے تھے جس سے بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی ۔ اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پرپولیس ذرائع نے بتایاکہ پولیس کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈٹارگیٹڈآپریشن جاری رکھے ہوئے مغویوں کوباحفاظت بازیاب کروانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں،پولیس تھانہ بھونگ نے انڈھڑگینگ کے سرغنہ سمیت 25سے زائدحملہ آور ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔